ایس ایم ایز سیکٹر کو آسان شرائط پر قرض فراہم کیا جائے،ولی اللہ

174

کراچی (کامرس رپورٹر)ایس ایم ایز سیکٹر کو آسان شرائط پر قرض فراہم کیا جائے۔ وفاقی حکومت ایس ایم ای فنانسنگ کے فروغ میں حائل رکاوٹیں دور کرکے چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کی ترقی کے لئے تیار کی گئی قرض اسکیم پر عملدرآمد کرائے۔ اگر پاکستان ایس ایم ایز کی صلاحیت سے فائدہ اٹھاکر روزگار کے مواقع بڑھانا اور اقتصادی ترقی میں تعاون چاہتا ہے تو ایس ایم ایز پر مبنی متبادل فنانسنگ ڈھانچے کی تشکیل وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر ایس ایم ای فائونڈیشن ولی اللہ خان نے چھوٹے تاجروں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قرض کی مستحکم اور مسلسل فراہمی کسی بھی کاروبار کے لئے زندگی کا باعث ہوتی ہے کیونکہ مناسب فنڈنگ ترقی، تنوع اور روزمرہ کے کاموں کے لئے ضروری مالی وسائل فراہم کرتی ہے۔ تاہم بینکنگ خدمات تک محدود رسائی کی وجہ سے ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی میں ہمیشہ رکاوٹیں آتی رہی ہیں۔برسوں سے ایس ایم ای فنانسنگ کو فروغ دینے کے لئے متعدد کوششیں کی گئی ہیں لیکن یہ مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام رہی ہیں۔حکومت کو چاہئے کہ ایس ایم ای سیکٹر کے فروغ کے لئے آسان شرائط پر قرض فراہمی کے اقدامات کرے تاکہ ملکی معیشت میں بہتری کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع بھی میسر آسکیں۔