سکھر : پریس کلب کے صدر کی کمشنر سے ملاقات ،صحافیوں کے مسائل ترقیاتی منصوبوں، بیوٹیفکیشن پلان سمیت مختلف اُمور پر تبادلہ خیال

71

سکھر (نمائندہ جسارت) پریس کلب کے صدر آصف ظہیر خان لودھی ، سکھر یونین آف جرنلسٹس کے صدر امداد بوذادر ، جنرل سیکرٹری احقر شاہ رضوی نے کمشنر سکھر ڈویژن فیاض حسین عباسی سے ملاقات کی اور صحافیوں کے مسائل، پریس کلب کی بیوٹیفکیشن، شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، بیوٹیفکیشن پلان سمیت مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کمشنر سکھر نے کہا کہ وہ جلد ڈی سی کے ہمراہ پریس کلب کا دورہ کریں گے اور وہاں ممکنہ بیوٹیفکیشن کے حوالے سے ممبران و عہدیداران کیساتھ نشست کریں گے۔ کمشنر سکھر نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے لینس ڈائون پل، شہر کے پارکس سمیت دیگر مقامات کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے منصوبوں پر کام ہورہا ہے، جبکہ شہر میں نصب واٹر فلٹر پلانٹس کی بحالی سمیت شہریوں کو ہرممکن سہولت فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں، مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں نے ہیٹ ویو کیمپز کی کوشش کو بے حد سراہا ہے اور ان کیمپوں پر روزانہ سیکڑوں لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔ کمشنر سکھر نے بتایا کہ شہر بھر میں بالخصوص مارکیٹوں اور رش والے پرہجوم علاقوں میں پبلک ٹوائلٹ کی سہولت مفت فراہم کرنے کے لیے کوشش کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ہفتہ اور اتوار کے چھٹیاں بھی نہیں کررہے ان ایام میں خیرپور، سکھر اور گھوٹکی اضلاع کے اسسٹنٹ کمشنرز سے میٹینگ کرکے عوامی سہولیات کے منصوبوں پر بریفنگ ہوتی ہے تاکہ تمام افسران اپنے اپنے علاقوں میں عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر سے تجاوزات کو ہٹانے کے لیے کوششیں جاری ہیں تاکہ ٹریفک اور دیگر مسائل حل ہوسکیں ، جبکہ ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے شہر کے امن و امان سے متعلق سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ سکھر میں سی سی ٹی وی کیمروں کا جال بچھانے کا منصوبہ ہے، اس سلسلے میں ڈی آئی جی سکھر پیر محمد شاہ، تاجر حلقوں سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے عوامی مسائل کے حل، شہریوں کو تفریح، سہولیات کی فراہمی کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔