اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تاجروں اور صنعت کاروں کو سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ملکی برآمد کنندگان کے وفد نے جمعہ کے روز وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں وفد نے صنعتوں کے لیے بجلی سستی کرنے اور برآمدی و صنعتی شعبوں کے لیے دیگر فیصلوں پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
مہمان وفد نے ملک کی معاشی پالیسیوں کے حوالے سے حکومت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں اور ٹیکس چوری کرنے والوں کو سزا دلوانے کے معاملے پر تاجر برادری حکومت کے ساتھ ہے۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ برآمدات ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ ملک تبھی ترقی کرے گا جب برآمدی شعبہ تیز اور پائیدار ترقی کی طرف بڑھے گا۔ برآمد کنندگان لائق احترام ہیں اور ملک کی ترقی میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ غیر روایتی برآمدات فروغ دینے کے حوالے سے تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں آج وہ فیصلے کرنے ہیں جو ملک و قوم کے مفاد میں ہوں، ہم برآمدات اور جی ڈی پی کے تناسب کو بڑھائیں گے، صنعت کاروں اور تاجروں کو سیلز ٹیکس ریفنڈ کی بر وقت ادائیگی کو یقینی بنا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے حکام کو تاکید کی اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے تاجروں اور صنعت کاروں کو ہر ممکن کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعظم نے برآمد کنندگان کے تمام مسائل کے فوری حل کے حوالے سے وفاقی وزراء کو وفد کے ساتھ مشاورت کرنے کی ہدایت کی۔
ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک ، وفاقی وزیر پاور اویس احمد خان لغاری ، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک ، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، سلمان احمد اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔