سی پیک کے دوسرے مرحلے میں پاک چین دوستی مزید مضبوط ہوگی، تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں: وزیر خارجہ

184

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں پاک چین دوستی مزید مضبوط ہوگی، سی پیک دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا نیا ورژن ہے ،سی پیک پر تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔

پاک چین مشاورتی مکینزم اجلاس میں چینی وفد سمیت نائب وزیرعظم وزیر خارجہ اسحاق ڈار ،مولانا فضل الرحمان، خالد مقبول صدیقی ،یوسف رضاگیلانی، رؤف حسن، حنا ربانی کھر اور دیگر سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور رہنما نے بھی شرکت کی۔

 اسلام آباد میں منعقدہ پاک چین مشاورتی میکنزم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ چینی وفد کو خوش آمدید کہتے ہیں، سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کا نیاوژن ہے، منصوبے کے دوسرے مرحلے سے پاک چین دوستی مزید مضبوط ہوگی، چینی وفد کا دورہ پاکستان دونوں ملکوں کے اعلیٰ سطح کے روابط کا حصہ ہے۔

چینی کمیونسٹ پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن اور وزیر لیوجیان چاؤ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے اداروں اور سیاسی جماعتوں کو مل کر چلنا ہے، ترقی کے اہداف کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے ،سرمایہ کاری کے لیے سکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانا ہوگا، پاکستانیوں کی سی پیک کی حمایت کو سراہتے ہیں، پاکستان اور چین ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہیں، ترقی دونوں ملکوں کے لیے فائدہ مند ہوگی، چینی قیادت دونوں ممالک کی دوستی کو اہمیت دیتی ہے۔

پاک چین مشاورتی میکنزم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے سی پیک کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا ،سیاسی جماعتوں کا ایک میز پر بیٹھنا پاکستان اور چین کی سیاسی قیادت کے ایک پیج پر ہونے کی دلیل ہے، پاکستان کے مشکل حالات میں تعاون پر چینی قیادت کے شکرگزار ہیں۔

 اجلاس سے خطاب میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پاک چین دوستی ہمارے باہمی اختلافات سے بالا تر رہا ہے، پاک چین کا جو عزم ہے سی پیک اور تعلقات کو مزید بہتر بنانے کا تو اس عزم کے ساتھ ہی ہم نے تمام منصوبوں کو مکمل کرنا ہے۔

  چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ سی پیک پاک چین بہتر مستقبل اور ترقی کا ضامن ہے ،سی پیک نے دونوں ممالک کے درمیان روابط کو مضبوط کردیا ہے،سی پیک ملکی معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی جیسی حیثیت رکھتا ہے ۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور چین کے سیاسی روابط کے فروغ سے سی پیک کو استحکام ملے گا، ،پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اس اہم ’گیم چینجر‘ منصوبے کی مکمل حمایت کرتی ہیں، بی آر آئی منصوبے سے پاک چین تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں، ،دونوں پارلیمان تمام فورمز پر ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، بدقسمتی سے سی پیک منصوبہ ماضی میں ڈس انفارمیشن کا شکار رہا ہے۔

 اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رہنما حنا ربانی نے کہا کہ سی پیک کے لیے تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں، مشترکہ اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں کی شمولیت خوش آئند ہے، عالمی منظر نامے میں پاکستان اور چین کا اہم کردار ہے، چین نے سائنس اور ٹیکنالوجی میں بے پناہ ترقی کی ہے۔

 پی ٹی آئی رہنما سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ چین سے دوستی ہماری خارجہ پالیسی کا محور ہے اور یہ غیرمتزلزل ہے ،سی پیک پاک چین دوستی کے وژن کا اظہار ہے، سی پیک منصوبوں میں تیزی لانے کی ضرورت ہے، اس منصوبے میں ہم سب کی دلچسپی اور دونوں ملکوں کے درمیان بہترین دوستی کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں یہاں صرف اس لیے موجود ہیں کیونکہ آپ یہاں موجود ہیں ،دہشت گردی کے خاتمے سے سی پیک کا خواب پایہ تکمیل تک پہنچ سکتا ہے، چین سے دوستی ہماری خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔