اندھی وحشت کا اتحاد پاکستان کیلیے وبال بنتا جارہا ہے ،تحریک انصاف

180

اسلام آباد(آن لائن) پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ اندھی وحشت اور ننگی بے غیرتی کا اتحاد پاکستان کیلئے وبال بنتا جارہا ہے ،ملکی تباہی کے ذمہ دار مینڈیٹ چور جنگل راج کی گود میں بیٹھ کر ملک کو تباہ کر رہے ہیں ،مہذب جمہوری دنیا میں مینڈیٹ سے محروم کرداروں کو ایوانوں کے پاس تک پھٹکنے کی اجازت نہیں دی جاتی،چین کی جانب سے پاکستان سے تعلقات کی درجہ بندی پر نظرِثانی کی تشویشناک خبریں چہرے پر طمانچہ اور ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ جنگل راج کسی احمق اعظم کی بیہودہ خواہشات پوری کرنے کے چکر میں 24 کروڑ کی ایٹمی ریاست کے مستقبل پر تاریکیاں طاری کرنے میں مصروف ہے، ایک سے بڑھ کر ایک بداخلاق، جھوٹا، دغاباز اور فراڈیہ کابینہ میں بھرتی کر کے ان کی صداؤں کے شور میں اپنے باطن کا خوف چھپانے کی کوششیں جاری ہیں۔علاوہ ازیںایک اوربیان میں پی ٹی آئی نے مینڈیٹ چور وفاقی حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا کے عوام کے خلاف بدترین امتیازی سلوک کا نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق مینڈیٹ چور اور ان کے دستور مخالف سرپرست وفاق کی ایک اہم اکائی کو نشانہ بنا کر مضبوط وفاق کی جڑیں کھودنے اور صوبائیت، نسل پرستی اور لسانیت کی آگ بھڑکانے کی کوششیں کررہے ہیں، خیبرپختونخوا کے عوام کو ان کی سیاسی فکر اور نظریات کی بناء پر بدترین امتیازی اور انتقامی سلوک کا نشانہ بنایا جارہا ہے مزید برآں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ’’فچ‘‘ کے ملکی معیشت کے حوالے سے تازہ ترین تاثرات کو نہایت اہم اور چشم کشا قرار دے دیا،پی ٹی آئی نے سیاسی استحکام کے بغیر ملکی معیشت کی اصلاح کے امکانات کو ناقابلِ تصور قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک کے بعد دوسرا عالمی ادارہ پاکستانی معیشت کی تباہی و بربادی اور اس کے مستقبل کے حوالے سے اپنے تاثرات بیان کررہا ہے ۔ترجمان تحریک انصاف نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ مینڈیٹ چوری اور لاقانونیت کا مقتدر کنسورشیم کسی بھی معقول آواز پر کان دھرنے کو تیار نہیں، عوام کی گردنیں اور جیبیں اپنی گرفت میں لے کر پورا زور معیشت کا گلا گھونٹنے اور قرضوں کے انبار لگانے پر لگایا جارہا ہے، رجیم چینج کے بعد مسخروں کی تیسری حکومت ہے جو علی الاعلان معیشت کی بربادی کی وجہ بن رہی ہے مگر ڈنڈے اور بندوق کے زور پر ملک کو ہانکنے والے اپنے احمقانہ فیصلوں کے حصار سے باہر نکلنے پر آمادہ نہیں،معیشت کی تباہی براہِ راست قومی سلامتی کے لیے خطرہ بنتی جارہی ہے اور وقت تیزی سے ہاتھ سے نکل رہا ہے۔