وزیر اعظم ، بلاول ملاقات: بجٹ منظوری میں تعاون کی یقین دہانی

103

اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈ یسک ) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے وزیر اعظم سے ملاقات میں بجٹ کی منظوری میں تعاون کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں بلاول نے وزیراعظم کو اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق بلاول نے شکوہ کیا کہ حکومت کسی فیصلہ سازی میں ہمیں اعتماد میں نہیں لیرہی اور سندھ کے مختلف منصوبوں میں وفاقی حکومت سنجیدگی کامظاہرہ نہیں کررہی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے بلاول کو تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔اس سے قبل چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول زرداری وزیر اعظم سے ملاقات کے لیے وزیر اعظم ہاؤس پہنچے تھے، ان کے ہمراہ پیپلزپارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف، شیری رحمن اور خورشید شاہ بھی وزیراعظم ہاؤس پہنچے تھے۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمداورنگزیب، وزیر اطلاعات عطاتارڑ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق بھی وزیراعظم ہاؤس پہنچے تھے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اوربلاول کے درمیان ملاقات 4 بجے متوقع تھی جو تاخیر کا شکار ہوئی۔