سعودیہ ، ورلڈ بینک سمیت کوئی پاکستان میں سرمایہ کاری کوتیار نہیں، عمر ایوب

228

اسلام آباد:قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور ورلڈ بینک سمیت کوئی بھی پاکستان میں سرمایہ کاری پر تیار نہیں ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف چین کے دورے پر گئے جہاں ان کا استقبال ڈپٹی میئر (نائب ناظم) نے کیا جب کہ آپ کا ڈاڑھی والا وفاقی وزیر وہاں ٹک ٹاک وڈیوز بناتا رہا۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ایک جعلی ارسطو نے عمران خان کو پانچ سال کےلیے اندر رکھنے کی بات کی ہے، کیا یہ کوئی بنانا ریپبلک ہے؟ احسن اقبال کی طرح کے بے ڈھنگے وزیر ہیں، جس کی وجہ سے ملک میں کوئی سرمایہ کاری کرنے کو تیار نہیں، ان کا واسطہ چکمہ دینے والے لوگوں سے پڑ گیا ہے، پہلے انہیں لاکر سیٹ پر بٹھایا گیا ہے اور اب آرے سے وہی سیٹ کاٹ رہے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ملک کا ساڑھے 8 ہزار ارب روپے خسارے کا بجٹ ہے، سعودی عرب یا ورلڈ بینک سمیت کوئی بھی یہاں سرمایہ لگانے کو تیار نہیں۔ پرانے منصوبے ہی چلیں گے کوئی نیا پلان اس بجٹ میں شامل ہی نہیں۔  بھاری شرح سود پر قرضے لینے پڑیں گے بتایا جائے 92 فیصد خسارہ کون کور کرے گا؟

انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیٹ بینک نے ڈیڑھ فیصد شرح سود کم کی مگر آئی ایم ایف نہیں مان رہا تھا اور اسٹیٹ بینک نہیں مان رہا تھا یہ جو جو عبوری اقدام کیا گیا ہے اس کا ردعمل پہلے سے بھی خطرناک آئے گا، نئے نوٹ چھاپے جائیں گے تو مہنگائی کی لہر ہی آئے گی۔