کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے شہری عید کے تیسرے دن سے ہی لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلا ہوگئے۔ کے الیکٹرک کی جانب سے عیدالاضحی کے تینوں دن لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے واضح اعلان کے باوجود عید کے تیسرے دن اپنا رنگ دکھا ہی دیا۔ کے الیکٹرک نے اعلان اور وعدہ کیا تھا کہ وہ عید کے تینوں دن کراچی کے کسی بھی علاقے میں لوڈشیڈنگ نہیں کرے گی مگر اس کے باوجود کراچی کے مختلف علاقوں لائنزایریا، نیوکراچی، لانڈھی، ملیر، کورنگی میں عیدالاضحی کے تیسرے دن صبح سے ہی لوڈشیڈنگ کا آغاز کردیا گیا۔ روز مرہ کے معمول کے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے کئی علاقوں میں دو، دو گھنٹے اور کئی علاقوں میں ڈھائی، ڈھائی گھنٹے کی3 سے4 مرتبہ لوڈشیڈنگ کی گئی جس کی وجہ سے عیدالاضحی کے تیسرے روز عید کا مزا کرکرا ہو کر رہ گیا۔ شہریوں کی جانب سے اپنے رشتہ داروں اور دوست احباب کی دعوت محافل لوڈشیڈنگ کی نظر ہوگئیں۔ شہریوں نے کے الیکٹرک کے اس اقدام پر شدید غم وغصے کا اظہار کیا ہے کہ سال میں صرف ایک دوبارہی ایسا موقع آتاہے جس میں کے الیکٹرک تینوں دن بلا تعطل بجلی فراہم کرتی ہے، اب کے الیکٹرک اس سے بھی پھر رہی ہے۔