کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی اسمبلی سے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری کے معاملے پروفاقی حکومت اور پاکستان پیپلزپارٹی کے درمیان برف جلد پگھلنے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے دونوں جماعتوں کے مابین پس پردہ رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پی پی کے بعض باخبرذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول زرداری نے بیک ڈور رابطوں پر سینئر پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کی ہے۔ان ذرائع کاکہنا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے عید کی مبارکباد کے لیے بلاول زرداری کو فون بھی کیا تھا، وزیراعظم نے بلاول زرداری کو وزیراعظم ہاؤس مدعو کیا ہے۔امکان ہے کہ بلاول زرداری وزیراعظم کی دعوت پران سے ملاقات کریں تاکہ وفاقی بجٹ پر پیپلز پارٹی کے جو تحفظات ہیں وہ وفاقی حکومت کے سامنے رکھے جاسکیں۔ملاقات کے دوران بلاول بھٹو شہبازشریف کو پنجاب میں اپنی پارٹی کی قیادت کے تحفظات سے بھی آگاہ کریں گے۔ذرائع کے مطابق اہم ملاقات کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی سندھ کو اس کے حصے کی مطلوبہ رقم جاری نہ کیے کا معاملہ بھی وزیر اعظم کے سامنے اٹھائیں گے۔ذرائع نے بتایا کہ بلاول بھٹو اور شہباز شریف کی ملاقات وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوگی۔