لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائیکورٹ کی مجاز اتھارٹی نے راولپنڈی بینچ کے جج کے خلاف سوشل میڈیا مہم پر سخت نوٹس لیا ہے اور قرار دیاہے کہ لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے رٹ پٹیشن آصف حسین شاہ بنام فیڈریشن آف پاکستان اور دیگر میں ہونے والے فیصلے پر غیرضروری اور غلط فہمی پر مبنی تنقید کی جارہی ہے۔ ترجمان لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے واضح کیا جاتا ہے کیس کی بحث کے دوران ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی جانب سے ایک کیس بعنوان محترمہ بلقیس فاطمہ بنام نجم الاکرام قریشی کا حوالہ دیا گیا، جس کو عدالت نے حالیہ فیصلہ کے صفحہ نمبر 9 سے 32 تک محض نقل کیا ہے۔