پاکستان انڑنیشنل اسکول (الوشم) ریاض کےاسٹاف کےلئےشاندارتقریب سپاس

248

پاکستان انڑنیشنل اسکول (الوشم) ریاض، سعودی عرب میں ان سٹاف ممبرز کی حوصلہ افزائی کے لئے ایک شاندار تقریب سپاس کا انعقاد کیا گیا۔ جن کی شبانہ روز کاوشوں سے اسکول اپنا کیمپس ناصریہ سے نئے کیمپس شارع الوشم میں منتقل کرنے میں کامیاب ہوا۔
الریاض سے معروف صحافی عابد شمعون چاند کے مطابق اسکول پرنسپل پروفیسر بدر منیر بدر کی قیادت میں گرلز ونگ صرف ایک ماہ کے قلیل عرصے میں اپنی نئی عمارت میں منتقل ہو گیا تھا۔ دسمبر میں حاصل کی گئی بلڈنگ کو جب اسکول کے مطابق ایک معیاری بلڈنگ بنا کر یکم فروری کو گرلز ونگ کو خوش آمدید کہا گیا تو سفیراسلامی جمہوریہ پاکستان متعین سعودی عرب عزت ماٰب احمد فاروق بھی اس کاوش کی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکے۔ انہوں نے مینجمنٹ کونسل اور اساتذہ کرام کی کاوشوں کو بے حد سراہا۔ آج کی تقریب ان ہی اساتذہ کرام اور اسٹاف کو اسناد سپاس پیش کرنے کے لئے منعقد کی گئی۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ سکول مینجمنٹ کونسل کے ایڈمن ہیڈ انجینئر محمد وقاص اور فنانس ہیڈ محمد اسد خان نے بطور خاص تقریب میں شرکت کی اور اساتذہ کرام اور سٹاف کو تعریفی اسناد پیش کیں۔ انجینئر محمد وقاص نے ان مشکلات کا ذکر کیا جن کا حصول جوئے شیر لانے کے مترادف تھا۔ انہوں نے اللہ تعالٰی کا شکریہ ادا کیا اور اپنی ٹیم ممبران کا جن کی انتھک محنت سے آج شہر ریاض کی ایک خوبصورت بلڈنگ میں پاکستان کمیونٹی کے بچوں کے حصول علم کے سلسلے کو جاری رکھنے کا موقع فراہم ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری ٹیم کا اگر ورکنگ انڈیکس نکالا جائے تو یہ 90 فیصد کے قریب تھا جو دنیا کی بہترین آرگنائزیشنز سے زائد ہے۔انہوں نے پرنسپل کی بالخصوص تعریف کی اور کہا کہ ان کے بغیر ہماری یہ ٹرانزیشن ممکن نہ تھی۔ محمد اسد نے کہا کہ ہم نے ایک شاندار بلڈنگ کا اضافہ کر دیا ہے۔ ہمیں آپ لوگوں پر مکمل اعتماد ہے اب آپ سکول کے تعلیمی معیار کو بلند کریں گے۔ پرنسپل پروفیسربدر منیر بدر نے کہا کہ یہ سب کچھ میری اس ٹیم کے بغیر ناممکن تھا میں آپ سب کا دل کی گہرائیوں سے شکرگزار ہوں۔ پروفیسر سعادت اللہ خان اور پروفیسر انوارالحق نے بھی مینجنٹ کونسل کی کاوشوں کا ذکر کیا اور کہا کہ جب بھی سکول کی تاریخ لکھی جائے گی اس مینجمنٹ کا نام ہمیشہ سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ تقریب کے نظامت کے فرائض پروفیسر عظمت اللہ نے بخوبی سر انجام دیئے۔