ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر ،بیشتر علاقوں میں کل بارش کی پیشگوئی ۔کراچی میں عید کے تینوں روز موسم گرم دہنے کا امکان

171

کراچی/ اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک کے بیشتر علاقوں میں عیدالاضحی کے پہلے روز موسم شدید گرم رہے گا جبکہ دوسرے روز پنجاب، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارشوں کی پیش گئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق عید کے دوسرے روز اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ میں بارشیں ہوں گی جبکہ عید کے تیسرے روز بارشوں کا سلسلہ جنوبی پنجاب کے علاقوں میں پہنچ جائے گا۔ ڈی جی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کی بارشیں اس سال جون کے آخری ہفتے میں شروع ہونے کا امکان ہے، جون کے آخری تین دنوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔ ملک میں بارشوں کے باعث ندی نالوں اور دریاؤں میں سیلاب کا خدشہ بھی ہے۔ دوسری جانب محکمہ
موسمیات ارلی وارننگ سینٹر نے کراچی میں عید کے تینوں روز موسم گرم ومرطوب رہنے کی پیش گوئی کی ہے، شہر قائد میں عیدالاضحی کے 3 روز کے دوران موسم گرم ومرطوب رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری رہنے کی توقع ہے۔ عید کے دوران ہوا میں نمی کا تناسب 50 تا 60 فیصد ہونے کے سبب حدت رہے گی، صبح سے دوپہر کے درمیان مغربی اور شام کے وقت سمندری ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں اتوار کو گرم دن ریکارڈ ہوا اور معمول کے درجہ حرارت سے 0.8 ڈگری زیادہ گرمی ریکارڈ ہوئی، پارہ 36.4 ڈگری تک پہنچ گیا تھا، جس کی وجہ بلوچستان کی گرم و مرطوب ہواؤں کا اثر تھا، شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 57 فیصد رہا۔ اسی طرح دیہی سندھ کے علاقے جیکب آباد میں پارہ 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔