سری نگر (اے پی پی)بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کے موقع پر21جون کو علاقے میں مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کا مقصد بھارت کو یہ واضح پیغام دینا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع خطہ ہے اور
کشمیری غیر قانونی بھارتی تسلط کے خاتمے تک اپنی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سری نگر میں ایک بیان میں کہا کہ کشمیری بی جے پی کی زیر قیادت ہندتوا حکومت کے تمام کشمیر مخالف ایجنڈوں کو مسترد کرتے ہیں۔انہوں نے نریندر مودی کے دورے کی مذمت کرتے ہوئے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ ہڑتال کو بھر پور طریقے سے کامیاب بنائیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کرے۔