طبی آلات پر ٹیکس چھوٹ کاخاتمہ‘ پی ایس آئی سی کا وزیراعظم کو خط

190

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) طبی آلات پر حاصل ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی تجویز پر پاکستان سوسائٹی آف انٹروینشنل کارڈیولوجی (پی ایس آئی سی)نے وزیراعظم کو خط لکھ دیا ہے۔خط کے متن کے مطابق اسٹنٹس سمیت دل کے امراض سے تحفظ کیلئے استعمال ہونے والے دیگر طبی آلات کو سیلز ایکٹ کے چھٹے شیڈول میں ٹیکس چھوٹ حاصل تھی، لیکن نئے فنانس ایکٹ میں ان تمام طبی آلات سے ٹیکس چھوٹ ختم کردی گئی ہے۔خط میں لکھا گیا کہ یہ آلات انتہائی پیچیدہ
ہوتے ہیں اور مقامی طور پر نہیں بنائے جاتے، جس کی وجہ سے انہیں درآمد کیا جاتا ہے۔پی ایس آئی سی نے اپنے خط میں لکھا کہ ایسے طبی آلات کی 60 فیصد درآمد حکومتی ادارے کرتے ہیں، ان پر سیلز ٹیکس لگانے سے ان حکومتی اداروں کی درآمدی صلاحیت متاثر ہوگی، جس کے نتیجے میں طبی سہولیات کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔