حکومتی سیاسی انتقام نے ہمارا صبر کا پیمانہ لبریز کر دیا، اسد قیصر

156

اسلام آباد (صباح نیوز) سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے سیاسی انتقام نے ہمارے صبر کے پیمانے کو لبریز کر دیا ہے، پی ٹی آئی کے کارکنوں کی پنجاب بھر میں گرفتاریوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ انہوں نے مظاہرے کیے تھے، جلوس نکالے تھے۔ اسد قیصر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کیا قانون اور آئین سیاسی جماعت کو اپنے جائز حقوق کیلیے جلسے اور جلوسوں کا حق نہیں دیتے، کس قانون کے تحت پنجاب حکومت یہ
گرفتاریاں کر رہی ہے؟ ایک طرف ہماری لیڈر شپ اور خواتین جیلوں میں ہیں۔ اسد قیصر نے کہا کہ ضمانت ہونے کے باوجود ان کو دوبارہ گرفتار کیا جاتا ہے، کیا اس ملک کو بنانا ریپبلک بنانا ہے؟ کیا نواز شریف اس قسم کا پاکستان چاہتے ہیں؟ آپ کی بیٹی اور بھائی جو کر رہے ہیں کیا اس طرح یہ ملک آگے بڑھے گا؟ گندم کا اتنا بڑا اسکینڈل آیا آپ نے کچھ نہیں کیا، کسان کا خون چوسا گیا آپ نے کچھ نہیں کیا۔ اسد قیصر نے خبردار کیا کہ اگر آپ اپنی حدود سے آگے بڑھیں گے تو پھر آپ کے ہاتھ میں کچھ نہیں ہوگا ۔