کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کیلیے 500 ارب روپے مختص کیے جائیں: منعم ظفر خان

197
the development projects of Karachi

کراچی:  امیرجماعت اسلامی و صدر الخدمت کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ وفاقی و صوبائی بجٹ میں کراچی کے لیے عملاًکچھ نہیں رکھا گیا،ہماراواضح اور دوٹوک مطالبہ ہے کہ کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے کم از کم 500ارب روپے مختص کیے جائیں۔

منعم ظفر خان کا کہنا تھا کہ ریاست وحکومت کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرے لیکن بد قسمتی سے کراچی سمیت پورے ملک میں جب بھی کوئی آسمانی آفت ہو ، سیلاب یازلزلہ ہویا پھر کرونا ہو عوام کواین جی اوز کے رحم و کرم پر چھوڑدیا جاتا ہے ،گزشتہ 20سال میں کراچی کے عوام کے لیے پینے کے صاف پانی میں کوئی اضافہ نہیں ہوا،2005سے آج تک کے فور منصوبہ مکمل نہیں ہوا، ایس تھری منصوبہ مکمل نہیں ہوا ، کراچی کا انفرااسٹرکچر تباہ حال ہے، ہر حکومت نے کراچی کو نہ صرف نظر اندازکیا بلکہ اس کی حق تلفی کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ کراچی کی آواز بنی ہے اور عوام کی خدمت کی ہے۔الخدمت واحدادارہ ہے جس کا سالانہ آڈٹ ہوتا ہے ،ہر سال عید الاضحی میں الخدمت کے تحت ہزاروں جانوروں کی اجتماعی قربانی کی جاتی ہے اور قربانی کی کھالیں جمع کی جاتی ہیں، اہل کراچی سے اپیل ہے کہ قربانی کی کھالیں الخدمت کو دیں تاکہ عوام کی خدمت کا یہ سلسلہ جاری رہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایگزیکٹوڈائریکٹر الخدمت راشد قریشی،ڈپٹی پارلیمانی لیڈرسٹی کونسل کراچی قاضی صدرالدین،سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے جبکہ چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے الخدمت کراچی کی سالانہ کارکردگی رپورٹ،عوامی خدمات،رفاہی فلاحی و امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی۔