بارشوں کے دوران فلوریڈا میں میچز کیوں رکھے؟ راشد لطیف

159

کینیڈا ( نمائندہ خصوصی )قومی ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے بارشوں اور سیلابی صورتحال کی پیش نظر امریکی ریاست فلوریڈا میں میچز کے انعقاد پرآئی سی سی کوآڑے ہاتھوں لے لیا۔سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سابق کپتان و وکٹ کیپر بیٹر راشد لطیف نے کہا کہ نیویارک میں خراب پچز اور فلوریڈا میں بارش و سیلابی صورتحال کے دوران میچز کیوں شیڈول رکھے گئے۔نیویارک کی پچز پر سب سے زیادہ ٹوٹل محض 137 تھا جبکہ سب سے زیادہ حاصل ہوجانے والا ہدف 111، اب فلوریڈا میں بارش سے مزید 3 اہم میچز واش آؤٹ ہونے کا خدشہ ہے، یہ ورلڈکپ کیلئے اچھا نہیں، ٹیموں کو پریکٹس سیشن کا موقع نہیں مل رہا۔دوسری جانب فلوریڈا میں شدید بارشوں کے باعث گورنر نے سیلاب کے خطرے کا الرٹ جاری کردیا جبکہ 14 سے 16 جون کے درمیان لوڈرہل کرکٹ اسٹیڈیم میں تین میچز شیڈول ہیں۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شہری بارش کے پانی میں پیدل یا گاڑیوں میں داخل ہونے سے گریز کریں۔