کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) نے ساہیوال ٹیچنگ اسپتال میں 11 بچوں کے جاں بحق ہونے کو انتہائی افسوس ناک قرار دیتے ہوئے اس کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ پیما نے اس واقعے کی آڑ میں سینئر ڈاکٹرز کی تذلیل اور بے جا طور پر نشانہ بنانے کی بھی شدید مذمت کی۔ ایک بیان میں پیما کے صدر ڈاکٹر عبدالعزیز میمن نے کہا کہ
یہ واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے، اس کی فوری اور غیر جانبدار تحقیقات کے ذریعے حقیقی ذمے داران کو بے نقاب کیا جانا چاہیے، حکومت اور انتظامی ادارے اس سے بری الذمہ نہیں ہو سکتے۔ ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ اپنی جان چھڑانے کے لیے غیر متعلقہ افراد پر پوری ذمے داری عاید کر دی جائے اور انہیں تذلیل کا نشانہ بنایا جائے۔ حکومت کو اصل ذمے دار ان کو بے نقاب کرے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز ایک مقدس شعبے سے وابستہ ہیں اور بلا تخصیص و بے لوث خدمت پر ہمہ وقت مامور ہیں، ان کی تذلیل کا اختیار کسی کو نہیں ہے۔ اس واقعے کی آڑ میں ڈاکٹرز کمیونٹی کو بدنام نہیں کیا جانا چاہیے۔