حکمران تسلیم کریں کہ انتخابات بدترین دھاندلی زدہ تھے، محمود خان اچکزئی

326

  اسلام آباد:پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ میری بات کسی کو اچھا لگے یا برا،  انتخابات پی ٹی آئی جیت چکی تھی، حکومت میں بیٹھے لوگ کھلے دل سے تسلیم کریں کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جماعت عام انتخابات جیت چکی ہے۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ گہرے اور سیاسی تعلقات رہے،  ملک بہت مشکل حالات میں ہے، ہم سب پر لازم ہے کہ ہم ملک کو اس بحرانی کیفیت سے نکالیں۔

انہوں نے مزید  کہا کہ جو کچھ ہوا اس لیے ہوا کہ پارلیمان کو کبھی بننے اور پنپنے نہیں دیا گیا، ہم سب اپنے گناہ تسلیم کرلیں، اور وعدہ کریں کہ آئیں پاکستان کو چلاتے ہیں، سب نے مل کر فیصلہ کرنا ہوگا کہ ملک کو کیسے چلانا ہے؟ جو تماشے ہوئے اس کا نتیجہ نکل چکا، فروری میں ہونے والے انتخابات بدترین دھاندلی زدہ تھے۔