کوٹری (نمائندہ جسارت) جی ڈی اے دادو کے رہنما اور پی ایس 82 کے اُمیدوارعاشق علی زنئور نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے منتخب نمائندوں پر سنگین الزامات عائد کر دیے۔ دادو ضلع میں 15سال میں 200 ارب روپے کرپشن کی نذر کردیے، عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ ہونے والا پیسہ بنگلوں اور اوطاقوں پر لگادیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پریس کلب جامشورو ایٹ کوٹری میں صحافیوں سے میٹ دی پریس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں پیپلزپارٹی کے نمائندے جعلسازی کے ذریعے کامیاب ہوئے ہیں جنہیں عوام نے مسترد کردیا تھا، پیپلزپارٹی کے نمائندوں نے دادو ضلع میں لوٹ مار اور گرپشن کا بازار گرم کررکھا ہے، پیپلزپارٹی کے ایم پی اے پیر مجیب کے فرنٹ مین عدیل ڈاوچ نے گنڈہ غندی کی حد کر دی، فرنٹ مین نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ایگزیکٹو انجینئر عشرت پہنور کو تشدد کا نشانہ بنا کر 19 کروڑ کا چیک سائن کرا لیاجس کی تحریری شکایت متاثرہ انجینئر نے ایس ایس پی دادو کو دی تھی لیکن کوئی ایکشن نہیں لیا گیا، اُلٹا انجینئر کو دھونس دھمکی دی جا رہی ہے، پیپلزپارٹی نے سندھ میں کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیے، لیکن دادو ضلع کرپشن میں سرفہرست ہے۔