باغ ( آن لائن) وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ ریاست میں کرپشن کا خاتمہ اور میرٹ کی بالا دستی ہماری ترجیح ہے، این ٹی ایس میں 10نمبر جو سفارش پر مل سکتے تھے وہ بھی ختم کر دیے ہیں اربوں روپے کا بجٹ خرچ ہوا ایک شکایت کرپشن کی نہیں آئی، قانون سب کے لیے برابر ہے جو قانون ریاست کے ایک نائب قاصد پر لاگو ہوتا ہے وہی وزیر اعظم کے لیے بھی ہے، بیس کیمپ سے تحریک آزادی کے لیے جد و جہد سب سے پہلا فرض سمجھتا ہوں مقبوضہ کشمیر کے
مظلوم بہن بھائیوں کے لیے ہم سب نے ملکر کردار ادا کرنا ہے پاکستان کی مسلح افواج ہماری سرحدوں کی محافظ ہیں پاکستان ہمارا بڑا بھائی ہے ہمارے اجداد نے کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ دیکر ہمارے مستقبل کی سمت کا تعین کر رکھا ہے جسے عملی شکل ہم نے دینی ہے۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں انڈوومنٹ فنڈز سے نوجوانوں کو سہولیات دے رہے ہیں نوجوانوں کی ٹریننگز اور نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے میدانوں سمیت انکے روز گار کے لیے محنت کر رہے ہیں یہی نوجوان ہیں جنہوں نے اس ملک کی بھاگ ڈور سنبھالنی ہے نوجوانوں کو قابل بناکر ہی ریاست کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔