لندن(اسپورٹس ڈیسک )برطانوی ٹینس اسٹار اینڈی مرے اسٹٹ گارٹ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے ابتدائی رائونڈ میں ہار کر ایونٹ سے باہر ہوگئے،امریکا کے مارکوس اینڈریس گیرون نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 37سالہ برطانوی ٹینس اسٹار کو مینز سنگلز مقابلوں کے ابتدائی رائونڈ میں 0-2سیٹس سے شکست دی ۔ ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز مقابلوں کے ابتدائی رائونڈ میں امریکا کے مارکوس اینڈریس گیرون نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کے نامور ٹینس اسٹار اور سابق عالمی چمپئن اینڈی مرے کواسٹریٹ سیٹس میں 3-6اور 4-6سے ہرا کر نہ صرف ٹورنامٹ سے باہر کر دیا بلکہ ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے رائونڈ کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا۔اپنے کیریئر کے 999ویں مینز سنگلز میچ میں نظر آنے والے اور تین بار کے گرینڈ سلام چمپئن اینڈی مرے کو امریکی مارکوس گیرون کے ہاتھوںا سٹریٹ سیٹس میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔اینڈی مرے آئندہ ہفتے کوئینز ٹینس ٹورنامنٹ میں کھیلنے کی امید رکھتے ہیں کیونکہ رواں سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے لیے ان کی تیاریاں جاری ہیں،اس کے علاوہ وہ آل انگلینڈ کلب میں مینز ڈبلز مقابلوں میں بھائی جمی مرے کے ساتھ بھی ٹیم بنائیں گے جس میں جوڑی کے طور پر ان کی پہلی گرینڈ سلام ایونٹ میں شرکت ہوگی۔