پی ٹی آئی کا محمود اچکزئی کو سیاسی قیادت سے مذاکرات کیلیے مکمل اختیارات دینے کا فیصلہ

133

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف نے سیاسی قیادت سے مذاکرات کے لیے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو مکمل اختیارات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی سینئر قیادت کی جانب سے پارٹی کو تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے مذاکرات کا مشورہ دیا گیا ہے‘ محمود خان اچکزئی کو سیاسی قیادت سے مذاکرات کے لیے مکمل اختیار دیا جائے گا، سیاسی قیادت سے روابط سے قبل مذاکرات کی شرائط اور طریقہ کار پر مشاورت ہو گی۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ٹی آئی کے حتمی فیصلے کے بعد محمود خان اچکزئی مذاکرات کے لیے روابط آگے بڑھائیں گے‘ تمام اسٹیک ہولڈرز کا ایک میثاق پر اتفاق رائے ڈائیلاگ کی بنیاد ہو گا۔ ذرائع کے مطابق سیاسی رہنماؤں اورکارکنان کی رہائی کے ساتھ انتخابی عمل کی شفافیت بھی مذاکراتی ایجنڈے کا حصہ ہوں گے اور عدلیہ، پارلیمان اور ریاستی اداروں کی آئینی حدود مذاکرات کے نکات میں شامل ہوں گے‘ تحریک انصاف کی سیاسی قیادت بھی مذاکراتی عمل میں شامل ہو گی۔