کراچی کیلیے 500ارب کا ترقیاتی بجٹ مخصوص کیا جائے،  منعم ظفر کا مطالبہ

286
Karachi's infrastructure is destroyed

کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے وفاقی بجٹ برائے سال 2024-25کے حوالے سے مطالبہ کیا ہے کہ بجٹ میں مہنگائی کی شرح کو کم کر کے عام افراد کو ریلیف دیا جائے،تنخواہوں میں 30فیصد اضافہ کیا جائے۔

ادارہ نور حق میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے منعم ظفر نے کہاکہ  کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے کم از کم 500ارب روپے کابجٹ مخصوص کیا جائے، عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت کم ہونے کے باوجود اس تناسب کے بجائے معمولی کمی کی جارہی ہے،پیٹرول کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی جائے تاکہ شہریوں کو کچھ نہ کچھ ریلیف مل سکے۔

انہوں نے مزید کہاکہ   وزیر اعظم شہباز شریف پیٹرول کی قیمت 15روپے کم کرنے کا اعلان کرتے ہیں لیکن متعلقہ وزارت ان کے اعلان کو رد کر کے 15روپے کے بجائے 4روپے 74پیسے کم کردیتے ہیں،عام افراد بڑھتی ہوئی مہنگائی و بے روزگاری کے باعث پہلے ہی بجلی اور گیس کے بھاری بلوں کی وجہ سے پریشان ہیں دوسری جانب مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ  دہاڑی دار مزدور کا زندگی گزارنا مشکل ہوتا جارہا ہے،غربت کے خاتمے کے بجائے غریب کو ہی ختم کیا جارہا ہے، حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ کم سے کم مزدور کی تنخواہ 32ہزار روپے ہوگی لیکن آج تک اس پر عمل نہیں ہوسکا۔