پاکستان کا مقابلہ آج کنیڈا سے ہو گا، سپر 8 تک رسائی دیگر ٹیموں پر منحصر

345

نیو یارک :ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد، پاکستان آج نیویارک میں اپنے تیسرے میچ میں کینیڈا سے ٹکرائے گا۔

ایونٹ میں رہنے کے لیے نہ صرف پاکستان کو اپنے اگلے دو میچ جیتنے ہوں گے بلکہ امریکہ کو بھی بھارت اور آئرلینڈ کے خلاف شکست کی ضرورت ہے۔

اگر امریکا کسی طرح ایک اور پوائنٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا تو ایونٹ پہلے راؤنڈ میں پاکستان کے لیے ختم ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان کے سپر 8 مرحلے میں پہنچنے کے امکانات امریکا کے بھارت اور آئرلینڈ کے خلاف اپنے دونوں میچ ہارنے سے بندھے ہوئے ہیں۔

دو میچوں میں شرمناک شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کی سپر ایٹ تک رسائی دیگر ٹیموں پر منحصر ہو گئی ہے کیونکہ قومی ٹیم کے لیے بقیہ دو میچز جیتنا اور امریکا کو دونوں میچ ہارنا ضروری ہو گیا ہے۔

گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے قومی ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کا عندیہ دیا ہے۔

پی سی بی کے سربراہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر ایسا لگتا تھا کہ ایک معمولی سرجری ہی کافی ہوگی۔ تاہم بھارت کے خلاف بدترین کارکردگی کے بعد یہ بات بالکل واضح ہے کہ بڑی سرجری کی ضرورت ہے۔