مرتضیٰ وہاب کی تجاوزات کے سدباب کیلیے مربوط حکمت عملی تیارکرنیکی ہدایت

300

کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر سے تجاوزات و غیر قانونی تعمیرات کے فوری سدباب کی مربوط حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کردی۔

یہ بات انہوں نے زیر صدارت محکمہ اسٹیٹ، محکمہ لینڈ، محکمہ انسداد تجاوزات اور محکمہ کونسل کے اجلاس میں کہی۔ جس میں اعلی حکام اور کے ایم سی کے متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔

اجلاس میںمیئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی کی حدود میں تعمیر شروع کرنے والی عمارتوں پر نظر رکھی جائے تاکہ اس کے قانونی یا غیرقانونی ہونے کو پرکھا جاسکے۔

مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ غیرقانونی تعمیرات فوری ختم کی جائیں، فٹ پاتھ پر پیدل چلنے والے کا حق ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں خاص طور پر ضلع جنوبی اور ضلع شرقی میں واقع فٹ پاتھوں کو صاف کیا جائے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ تجاوزات سے شہر میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے اور ٹریفک حادثات ہوتے ہیں، کے ایم سی ضلع انتظامیہ کے ساتھ مل کر تجاوزات کے خلاف آپریشن کرے۔ پارکوں، کھیل کے میدانوں، عبادت گاہوں کے سامنے یا اطراف میں تجاوزات ہرگز نہیں ہونی چاہئیں۔ بعض تجاوزات قائم کرنے والوں نے فٹ پاتھ پر کنٹینرز رکھ کر دکانیں بنائی ہوئی ہیں، انہیں ختم کیا جائے۔