شہباز شریف چین کا 5 روزہ دورہ مکمل کر کے پاکستان کیلیے روانہ

301
completing a 5-day visit to China

شی آن: وزیر اعظم شہباز شریف اپنا 5 روزہ دورہ چین مکمل کر کے پاکستان روانہ ہو گئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ چین میں اس شاندار اور بے حد نتیجہ خیز دورے کے دوران گرمجوشی سے مہمان نوازی کے لیے چین کے عوام اور حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی دور اندیش قیادت میں چین نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے اور پاکستان کو پھلنے پھولنے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہم اپنے ثابت قدم اتحادی سے بہت سے سبق حاصل کر سکتے ہیں۔

اپنے پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی بے مثال ہے، پاکستان اور چین کو آئرن برادرز ہونے پر فخر ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ 5 روزہ دورہ چین پاکستان اور چین کے تعلقات کی مضبوطی، دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات و سٹریٹجک شراکت داری اور سی پیک کے دوسرے مرحلے کے آغاز کے حوالے سے اہم سنگ میل ثابت ہوا۔