مری: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ میں آئی ایم ایف کے سہارے ڈھونڈنے والا بندہ نہیں ہوں،اگر مجھے نہ نکالتے تو آج ہم جی 20 سے آگے نکل گئے ہوتے ۔
مری میں سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے کہا کہ ہم اپنے سیاسی مخالفین کے ساتھ بیٹھے تاکہ ملک دوبارہ پٹری پر آسکے،عمران خان سے انتقام لینے کا کبھی سوچا تک نہیں ،میں انتقام کی سیاست کرنے والا بندہ نہیں ہوں، میں دل میں کینہ اور بغض نہیں رکھتا۔
نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کے ہر منصوبے پر مسلم لیگ (ن) کا نام لکھا ہوا ہے، جو بڑا کام پاکستان کی تاریخ میں ہوا اس کے پیچھے مسلم لیگ (ن) ہے،پاکستان میں غریبوں کا جینا مشکل کردیا گیا ہے، مہنگائی کو آسمان پر لے گیا ،قوم کو بھی موازنہ کرنا چاہیے کہ کون کیا کرکے گیا ہے، حق کو حق اور سچ کو سچ کہنا ہوگا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف دنیا سے چلے گئے، میرے دل میں مشرف کے خلاف کوئی شکوہ نہیں لیکن کیا وجہ تھی کہ پرویز مشرف نے حکومت کو باہر پھینکا اور اسمبلیاں بھی توڑ دیں؟ ایٹمی بٹن دبانے اور چھ ایٹمی دھماکے کرنے والے وزیراعظم کو یہ صلہ دیا گیا۔
قائد مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ روٹی میسر ہے نہ سالن ،بجلی اتنے اونچے ریٹ پر میسر ہے، میں تو گھر گھر بجلی پہنچا کر گیا تھا ۔پشاور میٹرو بس گھپلوں کی انکوائری سامنے نہیں لائی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے دن رات ایک کردیا ہے ،وہ بہت محنت خلوص نیت سے کام کر رہے ہیں ،ہماری معیشت اور اسٹاک مارکیٹ بہتر ہورہی ہے، میں اس کے لیے شہباز شریف کو شاباشی دوں گا، مریم نواز نے مہنگائی کم کرنے میں اہم کردار اداکیا ،آٹے اور گندم کی قیمت نہ بڑھنے میں انکا بھی کردار ہے ،ہم ایسا کوئی نظام لے کر آئیں کہ لوگوں کو سستی بجلی ملے ۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اس سے کوئی غرض ہے کہ عمران خان کو جیل میں کون کون سی سہولیات مل رہی ہیں، قید کے دوران عمران خان نے ہم پر اپنا پھرپور زور چلایا، وہ امریکا جا کر ہمارے اے سی اتارنے کی باتیں کرتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی میرے مشکل کے ساتھی ہیں اور ان سے پرانا تعلق ہے، شاہد خاقان عباسی بہت عمدہ انسان ہیں، انہوں نے بڑی جرات کے ساتھ میرے ساتھ جیل کاٹی ۔