پاکستان میں ذی الحج کا چاند نظر آ گیا، عیدالاضحیٰ 17 جون کو ہوگی

350
moon of Ramadan

کراچی: ذی الحج کا چاند نظر آ گیا۔ پاکستان میں عیدالاضحیٰ 17 جون پیر کے روز ہوگی۔

اسلامی سال 1445ھ کے آخری مہینے ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت کمیٹی کا اجلاس کراچی اور دیگر زونل کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقامات پر ہوئے جہاں مختلف علاقوں سے چاند کی رویت کی شہادتیں جمع کی گئیں۔

پشاور کی زونل کمیٹی کی جانب سے چاند کی رویت کا سب سے پہلے اعلان کیا گیا۔ جب کہ مختلف جگہوں سے شہادتیں وصول کرنے کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر نے ملک میں ذی الحج 1445ھ کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔

سرکاری اعلان کے مطابق ملک میں یکم ذی الحج کل 8 جون بروز ہفتہ اور عیدالاضحیٰ 17 اپریل بروز پیر ہوگی۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر کی صدارت میں کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوا، جس میں اراکین شریک تھے جبکہ معاونت کے لیے سپارکو کے نمائندےاور چیف میٹ آفیسر بھی اجلاس میں موجود تھے۔

مرکزی اجلاس کے اختتام کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبد الخبیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں مطلع مکمل صاف تھا اور مختلف شہروں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں جس کے بعد اتفاق رائے سے طے پایا کہ ملک میں یکم ذو الحجہ 8 جون بروز ہفتہ جبکہ عید الاضحیٰ 17 جون کو ہوگی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز  سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی اور یورپی ممالک میں ذی الحج کا چاند نظر آ گیا تھا۔