ایف آئی اے جھوٹا سائفر کیس بنانے پر مجھ سے معافی مانگے، عمران خان

142
ountry will go bankrupt

اسلام آباد:بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ مجھ پر سائفر کا جھوٹا کیس بنانے پر ایف آئی اے پہلے معافی مانگے۔

190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کو  جواب صرف اپنے وکلا کی موجوودگی میں دوں گا۔ ملک میں اس وقت سیاسی انتقام جاری ہے۔ یہ سب محسن نقوی کرا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حمود الرحمٰن کمیشن کے 2 مقصد تھے، ایک یہ تھا کہ وہی غلطی دہرائی نہ جائے۔ اسی طرح کمیشن نے جنرل یحییٰ کو اپنی رپورٹ میں ذمے دار ٹھیرایا تھا، کہ اس نے سب کچھ اپنی طاقت کے لیے کیا۔ عمران خان نے کہا کہ آج پھر پاکستان میں وہی کچھ دہرایا جا رہا ہے، جس سے ملک کی معیشت بیٹھ جائے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ  ہمارے دور میں نیب نے ساڑھے 3 سال کے دوران ساڑھے چار سو ارب روپے جمع کرلیے تھے اور مزید گیارہ سو ارب جمع ہونے تھے لیکن نیب ترامیم کی وجہ سے ملک  کا گیارہ سو ارب کا نقصان ہوگیا۔ ایسا ملک جو پہلے ہی معاشی بحرانوں کا شکار ہو، وہ اتنے بڑے نقصان کا بوجھ نہیں اٹھا سکتا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ سوشل میڈیا کے لوگ ہمارے ہیرو ہیں۔  میں جیل میں بیٹھ کر وڈیو کس طرح پوسٹ کر سکتا ہوں؟ میں اس ٹوئٹ کو اون کرتا ہوں لیکن جو وڈیو پوسٹ کی گئی ہے، وہ دیکھی نہیں، اس لیے اس سے متعلق بات نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں ٹوئٹ کرنے کے لیے صرف وکلا کو کہتا ہوں۔