کراچی: 15کروڑ روپے کے سگریٹس جلا دیے گئے

168

کراچی : شہر قائد کے علاقے گڈاپ میں ضبط کیے گئے جعلی اور غیر قانونی سگریٹس کو نذر آتش کر دیا گیا۔

 تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹریٹ انٹیلیجنس، ان لینڈ ریونیو، ایف بی آر نے کراچی کے علاقے گڈاپ میں ضبط کیے گئے جعلی اور غیر قانونی سگریٹس جلا دیے، جن کی مالیت 15 کروڑ روپے سے زائد تھی۔

 ڈی جی انٹیلیجنس ان لینڈ ریونیو عقیل احمد صدیقی کے مطابق غیر قانونی سگریٹس سے قومی خزانے کو سالانہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 300 ارب روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے

 ڈائریکٹر آئی اینڈ آئی ان لینڈ ریونیو ظفر رفیق کے مطابق 2024 میں اب تک 26 ارب روپے سے زائد کے غیر قانونی سگریٹس پکڑے گئے ہیں۔

 ظفر رفیق نے کہا غیر قانونی سگریٹس کے خلاف ملک میں آئرن نیٹ ورک کام کر رہا ہے، آئی اینڈ آئی نے تہیہ کر لیا ہے کہ سگریٹس کی غیر قانونی تجارت کا قلع قمع کر دیا جائے گا۔