خان نہیں تو پاکستان نہیں کہنے والے کسی اور ملک چلے جائیں:وفاقی وزیر اطلاعات

218

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ خان نہیں تو پاکستان نہیں کہنے والے کسی اور ملک چلے جائیں۔ 

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے کبھی ملک توڑنے کی بات نہیں کی ، ہماری حکومت آنے سے ملکی معیشت میں بہتری آئی ہے ،ایک ماہ میں پیٹرول کی قیمت میں 25 روپے فی لیٹر کمی ہوئی، کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں واضح کمی آئی ہے، حکومت نے پہلے دن سے معیشت پر توجہ مرکوز رکھی ہے۔

 وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کل وفد کے ہمراہ چین جا رہے ہیں ،پاکستان کی معیشت میں بہتری کے لیے چین کا دورہ اہم ثابت ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف کی چینی صدر اور چینی وزیراعظم کے ساتھ ملاقات ہوگی، وزیراعظم مختلف تجارتی شعبوں میں فروغ کے لیے ملاقاتیں کریں گے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ بینک ، بلوم برگ اور دیگر اداروں نے معیشت میں بہتری کی رپورٹ دی، ملک میں مہنگائی 29 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی، توقع کے برعکس مہنگائی 11 فیصد پر آگئی ہے اس پر خوشی منانی چاہیے، مئی میں ہدف سے 15 فیصد زیادہ ٹیکس جمع کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بہت قلیل مدت میں آئی ایم ایف سے معاہدہ طے پایا ہے، دورہ چین سے سی پیک منصوبے کے نئے فیز کا آغاز ہوگا، اس دوران مختلف ایم او یوز سائن بھی ہوں گے، بجٹ سے متعلق مشاورت جاری ہے آج بھی میٹنگ ہورہی ہے، شہباز شریف نے حکومت میں آکر اخراجات میں کمی کی اور معیشت سے متعلق اچھی خبریں آنا شروع ہوگئی ہیں۔