کراچی: سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عمران خان نے حمود الرحمٰن کمیشن رپورٹ پڑھنے کا کہا ہے، اس میں غداری کیا ہے؟۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق سٹی کورٹ کراچی میں انصاف لائرز فورم کی جانب سے ‘‘قانون کی بالادستی’’ کے عنوان پر منعقدہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بھٹو صاحب نے تو حمود الرحمٰن کمیشن پر پردہ ڈالا لیکن آپ نے انہیں لٹکا دیا۔ ہر سول حکومت نے اس پر پردہ ڈالا لیکن آپ نے کیا کیا؟، کبھی غفار خان تو کبھی ولی خان تو کبھی مفتی محمود کو اور اب بانی پی ٹی آئی کو غدار بنا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے حمود الرحمٰن رپورٹ پڑھنے کا کہا ہے، اس میں غداری کیا ہے؟۔
ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ سقراط کی طرح عمران خان نے بھی نوجوانوں کو گمراہ کیا ہے، عمران خان نے بھی سقراط کی طرح ملک چھوڑنے سے انکار کیا، ملک میں کارگل کا بھی سانحہ ہوا ہے۔ جن لوگوں نے حمود الرحمٰن کمیشن رپورٹ نہیں پڑھی وہ کارگل پر ریسرچ کرلیں۔ کہتے ہیں سوشل میڈیا نوجوان نسل کو گمراہ کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک لوگوں کا اعتماد بحال نہیں ہوگا، تب تک بیرونی سرمایہ ملک میں نہیں آ سکتی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ آپ ظالم ہیں، لوگوں پر تشدد کرتے ہیں، خواتین کو اٹھا لیا جاتا ہے، اتنا ظلم تو مشرف کے مارشل لا دور میں بھی نہیں ڈھایا گیا۔ پاکستان میں ایسا قانون کس طرح چل سکتا ہے کہ دہشت گرد آزاد ہو اور عام لوگوں پر دہشت گردی کی دفعات لگا دی جائیں؟۔ میں تو عدالتوں میں پیش ہوا کرتا تھا، موجودہ صدر استثنا لے رہے ہیں، مجھ پر اسلحہ سپلائی کا مقدمہ بھی درج ہے۔
سابق صدر نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز جن میں بانی پی ٹی آئی بھی شامل ہیں، ان سب کے ساتھ بات چیت کریں۔ چور، کرپٹ اور ظالم ایک طرف ہیں اور دوسری جانب بانی پی ٹی آئی ہے۔ برداشت نہ کرنے والا معاملہ بانی پی ٹی آئی کا نہیں ہے۔ بانی پی ٹی آئی بدلہ نہیں لے گا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کراچی میں ایم کیو ایم کو جتوایا گیا، کیا ایم کیو ایم کراچی میں جیت سکتی تھی؟۔ ہم نے ایم کیو ایم سے اس شہر کو آزاد کرایا، اب وہ دوسروں کے ساتھ مل کر اس شہر پر ظلم کررہے ہیں۔