نواز شریف بھائی لیکن ن لیگ کی موجودہ سیاست سے اتفاق نہیں کرتا، شاہد خاقان عباسی

316

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نواز شریف میرے بھائی ہیں لیکن مسلم لیگ ن کی موجودہ سیاست سے اتفاق نہیں کرتا۔

شاہد خاقان عباسی نے مسلم لیگ ن کی جنرل کونسل کے اجلاس کے دوران میاں نوازشریف کی طرف سے ان کی تعریف کرنے اور جیل کی سختیاں برداشت کرنے کے حوالے سے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ میرا میاں صاحب سے 35 سال کا تعلق ہے اور وہ بھائی ہیں وہ ایک وضع دار آدمی ہیں، ان کی مہربانی جو الفاظ میرے لیے استعمال کیے لیکن سیاست ایک الگ چیز ہے اور میں مسلم لیگ ن کی سیاست سے اتفاق نہیں کر سکتا جو اقتدار کا راستہ اور اقتدار کی سیاست پارٹی نے اختیار کی ہے میں اس کا حامی نہیں ہوں اس لیے اپنا راستہ الگ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جن حکومتوں کا مینڈیٹ مشکوک ہو تو وہ ملک نہیں چلا یاکرتے، ہمیں بنیادی معاملات کو درست کرنا ہوگا ورنہ مشکل آئے گی،میں ہمیشہ عوام کی رائے کے حق میں ہوں،حکومت اتنے دن ہی چلے گی جتنے دن لانے والے چاہیں گے،ایس آئی ایف سی کو زیادہ نہیں جانتا، ایس آئی ایف سی کا مقصد کیا ہے وہ بھی سمجھ نہیں آتا تاہم ایس آئی ایف سی کی کامیابی کیلئے دعا گو ہوں۔