یوم تکبیر: وزیراعظم کا کل عام تعطیل کا اعلان

311

اسلام آباد: یوم تکبیر کی مناسبت سے وزیراعظم شہباز شریف نے کل عام تعطیل کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے کے دن  (28 مئی) یوم تکبیر کو سرکاری تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے کابینہ ڈویژن نے بھی عام تعطیل کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق 28 مئی یوم تکبیر  پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی،ملک بھرکے تمام سرکاری اور نجی ادارے بند رہیں گے۔

وزیراعظم نے عام تعطیل کی مناسبت سے اپنے بیان میں کہا کہ یوم تکبیر  پاکستانی قوم کے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے اتحاد کی یاد دلاتا ہے، آج کے دن پوری قوم نے اس ملک کی سالمیت کے لیے یہ فیصلہ کیا کہ ملکی دفاع پر کسی قسم کا بیرونی دباؤ قبول کرکے سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یوم تکبیر سیاسی اور دفاعی قوتوں کے اس ملک کے دفاع کو مضبوط تر بنانے کے لیے ایک جھنڈے، سبز ہلالی پرچم  تلے متحد ہونے کی یاد دلاتا ہے۔ یوم تکبیر بیرونی دشمنوں کے ساتھ ساتھ ایسے اندرونی دشمنوں، جو  ملک میں انتشار کی سیاست سے اس ملک کو  خطرے سے دوچار کرنا چاہتے ہیں، ان کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ ناکام بنانے کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم اس دن یہ عہد کرتی ہے کہ 28 مئی کو جس طرح اس ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا، ویسے ہی ہم دن رات محنت سے اس ملک کی اقتصادی سلامتی کو یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئیں، آج کے روز  ہم یہ عہد کریں کہ نا صرف بیرونی دشمنوں، بلکہ پاکستان میں موجود 9 مئی جیسے واقعات سے انتشار کے خواہشمند عناصر کی شرپسندی کو  اتحاد، تنظیم  اور  یقینِ محکم کے ساتھ ساتھ دن رات محنت سے ناکام بنائیں گے۔