مشکل مالی صورتحال کے باوجود ایک بہترین اور فلاحی بجٹ تیار کیا ہے، علی امین گنڈاپور

388
difficult financial situation

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے مشکل مالی صورتحال کے باوجودپارٹی وژن کے مطابق ایک بہترین اور فلاحی بجٹ تیار کیا ہے۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ نئے مالی سال کے لیے ہم نے 100 ارب روپے کا سرپلس بجٹ پیش کیا ہے جس کی تیاری میں تمام محکموں خصوصاً محکمہ خزانہ اور منصوبہ بندی کا کردار قابل ستائش ہے۔ جمعہ کے روز نئے بجٹ کے حوالے سے صوبائی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بجٹ میں شامل عوامی فلاح وبہبود اور اصلا حاتی اقدامات پر عملدرآمد کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، تمام محکمے اس سلسلے میں مقرر کردہ ٹائم لائنز کے مطابق پیشرفت یقینی بنائیں۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ بجٹ کی تیاری کے لئے جس طرح محنت کی گئی ہے اب اس پر عملدرآمد یقینی بنانے پر بھی اسی محنت اور عزم کے ساتھ کام کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بجٹ میں صوبے کی آمدن بڑھانے اور اس مقصد کے لئے محکموں کی استعداد میں اضافے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تھرو فارورڈ کو 13 سال سے کم کرکے چھ سال پر لایا گیا ہے جو صوبائی حکومت کی ایک اہم کامیابی ہے، اس اقدام سے ترقیاتی منصوبے اپنے مقرر وقت میں مکمل ہوسکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے گورننس کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دینی ہے،جو شعبے کسی بھی وجہ سے پیچھے رہ گئے تھے انہیں آگے لانا ہے،ہم ایسی اصلاحات متعارف کرا رہے ہیں جو صوبے اور آنے والی نسلوں کے لئے بہتر ثابت ہونگی۔