اسلام آباد:وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بے پناہ قدرتی وسائل ہیں، ان وسائل سے صحیح طور پر فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔
شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان میں جیمزاور قیمتی پتھروں کے شعبے کے حوالے سے اہم اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں پاکستان میں جیمز اور قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جیمز اور قیمتی پتھروں کے شعبے کو باقاعدہ صنعت کا درجہ دینے کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جائیں ، جیمز اور قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی کے لیے نجی شعبے اور صوبوں سے ضروری مشاورت کی جائے۔
انہوں نے کہاکہ قیمتی پتھروں اورتیار ہونے والی مصنوعات کی بین الاقوامی سرٹیفیکیشنز پر کام کیا جائے ، عالمی نمائشوں میں پاکستانی نمائندگی یقینی بنائی جائے، خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بے پناہ قدرتی وسائل ہیں، ان وسائل سے صحیح طور پر فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قیمتی اور نایاب پتھروں کی صنعت کے فروغ کے لئے ضروری قانون سازی کا عمل شروع کیا جائے، قیمتی پتھروں کی صنعت میں ویلیو ایڈیشن کے حوالے سے تربیتی پروگرام شروع کیے جائیں۔