کراچی میں ہیٹ ویو کے امکانات کو چیف میٹرولو جسٹ نے مسترد کر دیا

256

کراچی : چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے شہر قائد میں ہیٹ ویو کے امکان کو مسترد کردیا۔

سردار سرفراز نے کہا کہ کراچی میں فی الحال ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں تاہم آئندہ 10 روز تک موسم گرم رہے گا۔ چیف میٹرولوجسٹ نے کہا کہ ہوا میں نمی کی سطح کم ہونے کی وجہ سے گرم موسم کی شدت برقرار رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں سمندری ہوائیں چل رہی ہیں، پریشان ہونے کی ضرورت نہیں اور کراچی میں مزید درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا۔

دریں اثنا، پاکستان کے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے 25 دنوں کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں تین ہیٹ ویوز ہوسکتی ہیں۔

ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا کہ فضا میں ہائی پریشر کی موجودگی کے نتیجے میں ملک کے بیشتر حصوں بالخصوص پنجاب اور سندھ میں 21 مئی تک ہیٹ ویو کی صورتحال اور 23 سے 27 مئی تک شدید گرمی کی لہر ہوگی۔

سندھ اور پنجاب میں 21 سے 23 مئی تک دن کے وقت کا درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے اور 23 سے 27 مئی تک چھ سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔