ایرانی صدر کے جاں بحق ہونے پر پاکستان کا ایک روزہ سوگ کا اعلان

250

اسلام آ باد : پاکستان نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے جاں بحق ہونے پر ایک روزہ سوگ کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ  پاکستان کا قومی پرچم سرنگوں رہے گا،  صدر رئیسی کا انتقال نہ صرف ایران بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے ایک بڑا نقصان ہے، صدر ابراہیم رئیسی پاکستان کے اچھے دوست تھے۔

صدر مملک آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں وفات پر گہرے صدمے اور افسوس کا اظہار کیا۔

صدر مملکت نے ایرانی صدر، وزیر خارجہ اور حادثے میں جاں بحق دیگر افراد کے سوگواران سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مسلم امہ کے لیے سابق صدر ابراہیم رئیسی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر ابراہیم رئیسی امت مسلمہ کے اتحاد کے بڑے حامی تھے ،عالم اسلام ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گیا، ایرانی صدر فلسطینی اور کشمیری عوام سمیت عالمی سطح پر مسلمانوں کے درد کو دل سے محسوس کرتے، آج پاکستان ایک عظیم دوست کو کھو دینے پر سوگوار ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پچھلے ماہ ہمیں پاکستان میں ان کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا، ہماری گفتگو کے دوران میں نے انہیں دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پر عزم پایا، رئیسی ہمیشہ پاکستان اور اس کے عوام کو خاص مقام دیتے تھے ، صدر رئیسی کا انتقال نہ صرف ایران بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔

آصف زرداری نے بتایا کہ صدر رئیسی کو علاقائی اور اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات بڑھانے کی کوششوں پر ایران، پاکستان اورعالم اسلام میں یاد رکھا جائے گا، اللہ تعالی ان کی روح کو سکون عطا فرمائے، اللہ تعالی ناقابل تلافی نقصان کی اس گھڑی میں ان کے اہل خانہ اور ایران کے عوام کو صبر و استقامت عطا فرمائے۔

 دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے ابراہیم رئیسی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ہیلی کاپٹرکریشن ہونے کے واقعے کو بے چینی سے دیکھ رہے تھے، ہمیں اچھی خبر کی امید تھی تاہم افسوس ایسا نہیں ہوا، صدر ابراہیم رئیسی پاکستان کے اچھے دوست تھے.

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے اس بڑے نقصان پر ایرانی عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، پاکستان کا قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے افسوسناک واقعہ پر ایرانی حکومت اور عوام سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کی،ان کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت پر دلی رنج اور صدمہ ہوا، ہم ایرانی حکومت اور عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں، پاکستانی حکومت اور عوام دکھ کے وقت ایران کے ساتھ کھڑے ہیں۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے واقعہ پر اظہار مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس افسوسناک واقعے پر ہر پاکستانی غمزدہ ہے۔