کراچی: پاکستان کو بلائنڈ کرکٹ ورلد کپ کی میزبانی مل گئی۔ اب آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستان میں کرکٹ کا ورلڈ کپ منعقد ہوگا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے کہا ہے کہ آئی سی سی نے پاکستان کو بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی دے دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چوتھا بلائنڈ ورلڈ کپ 22 نومبرتا 3 دسمبر شیڈول ہے، جس کی بھارت نے سب سے پہلے شرکت کی تصدیق کی ہے، دریں اثنا نیپال، نیوزی لینڈ، ساؤتھ افریقا، بنگلادیش اور سری لنکا نے بھی اس کی تصدیق کردی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم پاکستان آئے گی۔ اسی طرح ویسٹ انڈیز کی بھی شرکت کا امکان روشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کو فائدہ ہوگا، بھارت کا ورلڈکپ میں آنا آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے اہم ہے، چاہتے ہیں کہ سندھ حکومت کے تعاون سے ورلڈ کپ کا انعقاد کراچی میں ہو۔
دوسری جانب وزیر برائے کھیل وامورنوجوان سندھ سردار محمد بخش خان مہر نے کہا کہ رواں سال پاکستان میں چوتھے ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کاانعقاد خوش آئند ہے، حکومت سندھ کراچی میں اس میگا ایونٹ کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔ ورلڈ کپ کے کراچی میں انعقاد کے لیے میں اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا۔