اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کے معاشی حالات بہت جلد اچھے ہوں گے، کوشش ہے کہ قوم کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں ن لیگ کے قومی اسمبلی کے ارکان اور وفاقی وزرا کا اہم اجلاس ہوا، جس میں شہباز شریف نے حکومت کی معیشت میں بہتری کے لیے اقدامات اور پالیسیوں، غیر ملکی سرمایہ کاری اور موجودہ سیاسی صورت حال پر اعتماد میں لیا۔
اجلاس کے شرکا نے وزیراعظم کی قیادت میں ملک کی معاشی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات اور سفارتی محاذ پر کامیابیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال کے حوالے سے مشاورت بھی کی گئی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل سے ملک کی معاشی صورت حال بہتر ہو رہی ہے، ملک استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور سفارتی محاذ پر کامیابیوں کا سہرا پوری حکومتی ٹیم کو جاتا ہے۔ اگر ہم نے ایسے ہی محنت جاری رکھی تو پاکستان کے معاشی حالات جلد ٹھیک ہو جائیں گے، پوری کوشش کر رہے ہیں کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچائیں۔