پھول نگر: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ 4 ماہ میں کسانوں کے لیے400 بلین کا پیکج لے کر آرہے ہیں۔
پھول نگر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ میں کسانوں کو یقین دلاتی ہوں تاریخ میں کسانوں کو اتنا بڑا ریلیف نہیں ملا ہوگا، اب کسان کو قرضہ نہیں لینا پڑے گا، ایک فصل کے لیے کسان کو کارڈ کے ذریعے ڈیڑھ لاکھ روپے فی فصل دیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ پورے پنجاب میں 300 رورل ہیلتھ سینٹر ہیں ،چند ماہ میں پنجاب کے تمام اسپتالوں کو تبدیل کرکے رکھ دیں گے اور پنجاب کا کوئی ایسا اسپتال نہیں رہے گا جہاں مفت علاج نہ ہورہا ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم جو وعدے کرتے ہیں وہ پورے کرتے ہیں ،عوام کو سستی روٹی پہنچانا میری ذمہ داری ہے، پنجاب میں 590 سڑکیں ٹھیک کرنے اور بنانے کا پروگرام شروع کردیا ہے، پنجاب کی کوئی سڑک 5 سال بعد ٹوٹی ہوئی نہیں رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی (ن) لیگ کی حکومت آتی ہے تو سازش کرکے ہٹا دیا جاتاہے، نواز شریف کی حکومت ختم نہیں ہوتی، ملک سے ترقی ختم ہوجاتی ہے۔