اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ وزیراعظم اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ کے درمیان ثالث کا کردار ادا کریں۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی ثالثی کیلئے کردار ادا کریں،میں اس آئین اور قانون کاڈسا ہوا ہوں، وزیراعظم کو چاہیے کہ سنجیدہ معاملوں میں اپنا کردار ادا کریں،وزیراعظم 2اداروں کو ٹکرانے والی سازش کا حصہ بننے سے بچیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جو دبئی لیکس ہیں اصل میں یہ انتشاری لیکس ہیں، دبئی لیکس میں عدل و انصاف کے شعبوں کے لوگوں کے نام نہیں، دبئی ان لاکڈ ایک سیاسی پروگرام ہے جس میں کئی سیاستدانوں کے نام ہیں۔ یہ بات انہوں نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
سینیٹرفیصل واوڈا نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ اور سیاستدانوں کے نام دبئی لیکس کی فہرست میں شامل کئے گئے ہیں، جنہوں نے اپنے اثاثے ڈیکلیئر کئے ہوئے ہیں ان کے نام کیوں دیئے جا رہے ہیں،کیا ان لوگوں کے خلاف کوئی کھیل کھیلا جا رہا ہے، میں نے کسی میڈیا ادارے پر کوئی الزام نہیں لگایا،میرا سوال ہے کہ صرف مخصوص لوگوں کو کیوں ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔