چین نے اونٹوں کے لیے ٹریفک سگنل لگا دیے

502

بیجنگ: کیا آپ نے کبھی سنا ہے کہ اونٹوں کے سفر کے دوران ٹریفک سگنل لگائے گئے ہوں؟ جی ہاں، آپ جان کر حیران رہ جائیں گے کہ چین میں  اونٹوں کے لیے حکام نے ٹریفک سگنل نصب کردیے ہیں تاکہ بھیڑ کے مسائل سے بچا جا سکے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق چین میں ایک ریگستان میں ٹریفک سگنلز کی باقاعدہ تنصیب  کی گئی ہے، جس کا مقصد وہاں تفریح کے دوران بھیڑ کو منظم کرنا ہے۔ کمتاگ نامی چینی صحرا میں اونٹوں کی سواری کرنا سیاحوں اور مقامی افراد کے لیے بڑی تفریح سمجھی جاتی ہے، اور وہاں بھیڑ زیادہ ہونے سے بچنے کے لیے حکام نے ٹریفک سگنلز کا استعمال شروع کردیا ہے۔

چین میں منگشا ماؤنٹین میں ریت کے ٹیلوں اور صوبہ گانسو کے نیچر پارک میں کئی مقامات پر اونٹوں کے لیے مخصوص ٹریفک سگنلز کی تنصیب کی گئی ہے۔  اس اقدام کی بڑی وجہ یہ ہے کہ چین میں رواں ماہ (مئی) کے شروع ہوتے ہی سالانہ تعطیلات کی وجہ سے ہزاروں مقامی افراد اور دیگر ممالک سے آنے والے سیاح بڑی تعداد میں ایسے مقامات پر آکر مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کرتے ہیں اور ان میں اونٹ کی سواری کو سب سے اچھی تفریح سمجھا جاتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس ان سیاحتی مقامات پر اونٹ کی سواری کے لیے کم از کم 2400 سے زیادہ اونٹوں کو استعمال کیا گیا تھا، جہاں کئی ہزار سیاح روزانہ کی بنیاد پر آتے ہیں اور اونٹ سواری کی وجہ سے بھیڑ کے اوقات میں انتظامی مسائل جنم لیتے ہیں، جس سے بچنے کے لیے حکام نے اونٹ سواری کے روٹ پر ٹریفک سگنلز نصب کیے ہیں۔