پشاور: تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ میڈیا میں نہیں بتا سکتا، ایک نئی جنگ کی شروعات کی جا رہی ہے، پہلے ہی جہاد کی جنگ نے ہمیں کلاشنکوف کا تحفہ دیا، دہشت گردی کی جنگ میں پختونوں کا نقصان ہوا لیکن ہم مزید جنگوں کا ایندھن بننا نہیں چاہتے، اس لئے اگر کسی نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو پورے ریجن کو اٹھائیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہاکہ مذاکرات تو اس سے ہو سکتے ہیں جس کے پاس منڈیٹ ہو، کوئی مفاہمت نہیں ہو گی بلکہ قانون کے اندر رہتے ہوئے جدوجہد کریں گے، صوبائی حکومت کو مشورہ دوں گا کہ فنڈز کے معاملے پر عدالتی راستہ اختیار کیا جائے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پختونوں کو فاقہ کشی پر مجبور کیا جا رہا ہے، انضمام کے بعد کے بعد وفاق سے کوئی فنڈ نہیں ملا، افغانستان کے ساتھ حالات خراب ہیں چمن پر دھرنا ہو رہا ہے، ابھی تک کوئی مذکرات کے لیے نہیں گیا۔