سانحہ 9 مئی کے اصل مجرم سے کوئی ڈیل نہیں ہوگی، حساب دینا ہوگا، آرمی چیف

235
face the forces

راولپنڈی ، لاہور:آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سانحہ 9  مئی کے اصل مجرم سے کوئی ڈیل نہیں ہوگی، حساب دینا پڑے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا اور شہدا کی کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے یادگار پر پھول چڑھائے۔ قبل ازیں آرمی چیف کی آمد کے موقع پر کور کمانڈر لاہور نے ان کا استقبال کیا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو لاہور گیریژن آمد کے موقع پر فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں کی تفصیل کے ساتھ بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے جوانوں کو قوم کے لیے خدمات اور قربانیاں پیش کرنے پر سراہا اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔

آرمی چیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ دشمن عناصر اور ان کے سرپرست، جعلی خبروں اور پروپیگنڈا کے ذریعے ڈیجیٹل ٹیررازم میں مصروف ہیں۔ یہ عناصر پاک فوج اور پاکستانی قوم میں دراڑ پیدا کرنے کی کوشش میں ہیں، لیکن قوم کی حمایت کے ساتھ پاک فوج ان کے تمام ناپاک عزائم کو ناکام بنا دے گی۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کا ہر سپاہی اور افسر اپنے  فرائض اور ذمے داریوں کو کسی بھی دوسری چیز پر ترجیح دیتا ہے۔ پاک فوج کے جوان اور افسر ملک کی خاطر قربانیاں دے رہے ہیں۔

آرمی چیف  کا کہنا تھا کہ 9 مئی کا روز ملکی تاریخ میں ایک سیاہ دن کے طور پر یاد کیا جائے گا۔ یہ وہ دن تھا جب جان بوجھ کر شرپسندوں نے شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی اور ملک و قوم کی اتحاد کی علامتوں کو نقصان پہنچایا۔ اس مذموم شرپسندی کی وجہ سے پاکستان کے دشمنوں کو ملک اور قوم کا مذاق اڑانے کا موقع فراہم کیا گیا۔

انہوں نے اظہار افسوس کرتے ہوئے مزید کہا کہ اب وہی سازشی عناصر، ڈھٹائی سے بیانیہ کو توڑ مروڑ کر ریاست کو اس مذموم کوشش میں ملوث کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جنہوں نے تاریخ کا یہ سیاہ باب رقم کیا۔  ایسی ذہنیت کے منصوبہ سازوں اور کرداروں کے ساتھ نہ کوئی سمجھوتا ہوسکتا ہے اور نہ ہی ڈیل ہوگی۔وہ معصوم لوگ جو اِن مجرمانہ عناصر کے مذموم سیاسی مقاصد کو نہیں سمجھ سکے اِن کو منصوبہ سازوں  نے اپنی خواہشات کا ایندھن بنایا، اِن ورغلائے ہُوئے لوگوں کو سپریم کورٹ کی ہدایات پر پہلے سے ہی شک کا فائدہ دیا جا چکا ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ اس گھناؤنے منصوبے کے اصل ذمے دار جو خود کو معصوم ظاہر کرتے ہیں انہیں اب اپنے جرائم کا حساب دینا پڑے گا خصوصاً جب ان کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدا اور ان کے اہلخانہ یا ادارے کی بے حرمتی کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ 9 مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور مجرموں کو ملکی قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔