بشام حملے میں اپنے شہریوں کے ملوث ہونے کا پاکستانی دعوی مسترد کرتے ہیں، افغانستان

402

کابل: افغانستان نے خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے بشام میں 26 مارچ کو چینی باشندوں پر ہونے والے حملے میں اپنے شہریوں کے ملوث ہونے کے پاکستان کے دعوے کو مسترد کردیا۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان امارات اسلامیہ وزارت دفاع کے ترجمان عنایت اللہ خوارزمی نے پاکستان کے دعوؤں کو غیر ذمہ دارانہ اور حقیقت سے دور قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات پر افغانستان کو مورد الزام ٹھہرانا سچائی سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ ایسے علاقے میں چینی شہریوں کا قتل جو پاکستانی فوج کے سخت حفاظتی حصار میں تھا، پاکستانی سیکیورٹی اداروں کی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے، امارت اسلامیہ نے اس معاملے پر چین کو یقین دہانی کرائی ہے اور وہ بھی اس حقیقت کو سمجھ چکا ہے کہ افغان شہری اس طرح کے معاملات میں ملوث نہیں ہیں۔

ترجمان وزارت دفاع نے کہا کہ داعش کے ارکان پاکستان سے افغانستان میں داخل ہو رہے ہیں، ہمارے پاس داعش کے پاکستان کی سرزمین سے افغانستان میں داخل ہونے کے بہت سے شواہد موجود ہیں اور پاکستانی سرزمین ہمارے خلاف استعمال ہو رہی ہے جس کا پاکستان کو جواب دینا چاہیے۔