فوج سے کوئی مسئلہ نہیں، 27 سال میں کبھی جلاؤ گھیراؤ نہیں کیا، عمران خان

163
the law of the jungle

راولپنڈی: بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں فوج سے کوئی مسئلہ نہیں ہے، ہم نے 27 سال میں کبھی کوئی جلاؤ گھیراؤ نہیں کیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ ککے مطابق اڈیالہ جیل میں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں خوشی ہوگی کہ 2014ء کے دھرنے کی انکوائری شروع ہو اور انہیں اس میں پیش کیا جائے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں فوج کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں ہے۔  9 مئی کے واقعات کا تب پتا چلا جب مجھے سپریم کورٹ میں پیش کیا گیا اور 9 مئی واقعات کی چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے سامنے مذمت بھی کی تھی۔

بانی چیئرمین تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے 27 سال  میں کبھی کسی قسم کا کوئی جلاؤ گھیراؤ نہیں کیا۔ حکومتیں تحلیل کرنے کا مقصد انتخابات کروانا تھا۔ سیاسی جماعت انتشار نہیں چاہتی۔

انہوں نے کہا کہ 2013ء کے انتخابات آر اوز کا الیکشن تھا۔ نگراں وزیراعظم کے فارم 47 کے حوالے سے بیان کے بعد حکومت سے کیا مذاکرات ہو سکتے ہیں؟ عمران خان نے کہا کہ صدر، وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب اور سینیٹ الیکشن یہ سب فراڈ ہے۔