جاپان اور پاکستان کے تجارتی تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں، وزیراعظم

287

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جاپان اور پاکستان دیرینہ دوست ہیں جن کے تجارتی تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں، وقت آگیا ہے دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دیں۔

میڈیارپورٹس کے مطابق  وزیراعظم نے جاپانی سفیر اور جاپانی کمپنیوں و کاروباری وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ  جاپانی صنعتکاروں اور تاجروں کو درپیش تمام مسائل پر مل کر قابو پائیں گے، پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہترین ٹیکنالوجی کی حامل جاپانی کمپنیاں اس سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔

اس موقع پر جاپانی سفیر نے  کہا کہ جاپانی کمپنیوں نے پاکستان میں ہائبرڈ گاڑیوں کی مقامی سطح پر تیاری شروع کر دی ہے،جاپانی کمپنیاں ویلیو ایڈیشن کے بعد پاکستان سے دوسرے ممالک میں بھی برآمدات کر رہی ہیں۔