جامعہ کراچی کے  احتجاجی ملازمین کیخلاف انتقامی کارروائی بند کی جائے، جماعت اسلامی

451

کراچی: جماعت اسلامی نے جامعہ کراچی کے ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے ان کے تمام مطالبات کی حمایت کر دی۔

جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی فاروق فرحان نے پیر کے روز جامعہ کراچی کے ملازمین کے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی اور اپنے خطاب میں سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کے تمام مطالبات منظور کیے جائیں تاکہ ان میں پائی جانے والی بے چینی و اضطراب دورہو۔

فاروق فرحان نے  وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ جامعہ کراچی کو فوری طور پر 2ارب کی اضافی گرانٹ جاری کی جائے اور باقاعدہ ملنے والی گرانٹ میں بھی اضافہ کیا جائے۔احتجاجی ملازمین کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں۔ ملازمین کے انکریمنٹ کے 4 مہینے کے بقایاجات بھی فوری ادا کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ملازمین کو قواعد و ضوابط کے مطابق کئی سال سے ترقی نہیں دی گئی،  انہیں ترقی دی جائے۔ ملازمین کے بچوں کو دی جانے والی تعلیمی اسکالر شپ بند بھی بحال کی جائے۔ 3سال سے ملازمین کو لیوانکیشمنٹ نہیں دی گئی،یہ لیوانکیشمنٹ ادا کی جائے۔

فاروق فرحان کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی جامعہ کراچی کے ملازمین کے ساتھ ہے، جامعہ کراچی شہر کی سب سے بڑی مادر علمی ہے، اسے سندھ حکومت کے ہاتھوں ہرگز تباہ نہیں ہونے دیں گے۔ جامعہ کراچی کے طلبہ، اساتذہ اور ملازمین کے حقوق کے لیے سندھ اسمبلی میں بھی آواز اُٹھائی جائے گی۔